سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی‘سرمایہ کاروں کو237ارب کا نقصان

مارکیٹ 1لاکھ12ہزار اور1لاکھ11ہزار کی 2نفسیاتی حدوںسے گر گئی‘ انڈیکس 1لاکھ10ہزارپوائنٹس کی پست سطح پر آگیا

کراچی(آن لائن)پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر فروخت کے دباؤ سے پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی مندی کے اثرات غالب رہے ،مارکیٹ 1لاکھ12ہزار اور1لاکھ11ہزار کی 2نفسیاتی حدسے گر گئی جبکہ انڈیکس میں 1900پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 1لاکھ10ہزارپوائنٹس کی پست سطح پر آگیا ،مارکیٹ میں سرمایہ کارو ں کو 237ارب روپے سے زاید کا خسارہ برداشت کرنا پڑا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 14251ارب روپے سے کم ہو کر 14014ارب روپے رہ گیا جبکہ 63.11فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔۔جیسے جیسے سال کا اختتام قریب آیا ہے ، ٹریڈنگ کا حجم کم ہونا شروع ہوگیا ہے ، سرمایہ کاروں کی بنیادی توجہ فیڈرل ریزرو کے شرح نقطہ نظر پر ہے۔