ان افراد کو گاڑی ، جائیداد خریدنے سے پہلے اپنی مالی اہلیت کو ثابت کرنا ہوگا:چیئرمین ایف بی آر
اسلام آباد (آئی این پی ) سینیٹ قائمہ کمیٹی نے نان فائلرز پر گاڑی و جائیداد کی خرید و فروخت سمیت دیگر پابندیوں کا ترمیمی بل منظور کرلیا۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ٹیکس آڈیٹرز اور ماہرین پر ٹیکس گزاروں کا ڈیٹا خفیہ رکھنے کی شق منظور کرلی گئی۔ علاوہ ازیں قائمہ کمیٹی اجلاس نے نان فائلرز پر گاڑی ، بینک اکانٹ ، شیئرز خریداری پر پابندی کی شق منظور کرلی۔ اس کے علاوہ نان فائلرز کی جائیداد کی خرید و فروخت پر پابندی لگانے کی، ہائی رسک افراد کا ڈیٹا بینکوں سے شیئر کرنے کی شقیں منظور کرلی گئیں۔ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا ان افراد کو گاڑی ، جائیداد خریدنے سے پہلے اپنی مالی اہلیت کو ثابت کرنا ہوگا اورخریداری سے قبل اپنے گوشواروں میں ذرائع آمدن کو بتانا ہوگا۔