راولپنڈی میں والد کے خلاف بیٹیوں کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات اور فحش ویڈیوز دکھانے کا مقدمہ درج

راولپنڈی میں والد کے خلاف بیٹیوں کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات اور فحش ویڈیوز دکھانے کا مقدمہ درج

راولپنڈی: تھانہ واہ کینٹ کے علاقے حسین آباد میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص پر اپنی کم عمر بیٹیوں کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات کرنے، انہیں فحش مواد دکھانے، تشدد اور دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس نے متاثرہ بچیوں کی والدہ کی درخواست پر ان کے والد شہزاد حسین کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔درخواست گزار خاتون کے مطابق اس کی شادی تقریباً 20 سال قبل شہزاد حسین سے ہوئی تھی اور دونوں حسین آباد میں رہائش پذیر رہے۔ ان کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔ بڑی بیٹی کی عمر 17 سال، چھوٹی بیٹی کی 15 سال جبکہ بیٹے کی عمر 10 سال بتائی گئی ہے۔

ناچاقی کے باعث بچے والدہ کے ساتھ چلے گئے
خاتون کے مطابق گزشتہ تقریباً 6 ماہ سے شوہر کے ساتھ ناچاقی کے باعث وہ بچوں کو لے کر اپنی ہمشیرہ کے گھر حسن ابدال منتقل ہوگئی تھی۔تاہم تقریباً ایک ماہ قبل دونوں بیٹیاں اور بیٹا اپنے والد کے پاس حسین آباد میں رہنے لگے۔ خاتون کے مطابق وہ اپنی بیٹیوں سے بات کرنے کے لیے ان کی دادی کو فون کرتی رہی۔درخواست کے مطابق ایک موقع پر دادی نے بڑی بیٹی سے بات کروائی تو بیٹی والدہ سے گفتگو کے دوران رونے لگی اور اسے اپنے والد کے گھر آنے کے لیے کہا۔والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹی کی پریشانی محسوس کرتے ہوئے وہ حسین آباد پہنچی۔ کچھ دیر وہاں رہنے کے بعد جب وہ واپس جانے لگی تو دونوں بیٹیاں رونے لگیں اور والدہ سے انہیں بھی اپنے ساتھ لے جانے کی درخواست کی۔

بیٹیوں نے والد پر سنگین الزامات عائد کیے
خاتون کے مطابق بیٹیوں نے اسے بتایا کہ ان کا والد رات کے وقت انہیں مبینہ طور پر اپنے پاس لٹاتا تھا اور بعض نامناسب حرکات کرتا تھا۔درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر ٹانگوں کی مالش کے بہانے بچیوں کے جسم کو نامناسب انداز میں چھوتا اور انہیں اپنی مرضی کے خلاف ایسی صورتحال میں رکھتا تھا جس سے وہ شدید خوف اور ذہنی اذیت کا شکار تھیں۔درخواست گزار کے مطابق بیٹیوں نے مزید الزام لگایا کہ ان کے والد انہیں فحش ویڈیوز بھی دکھاتا تھا اور جب وہ اس عمل سے انکار کرتیں تو مبینہ طور پر انہیں مارتا پیٹتا اور دھمکیاں دیتا تھا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی
خاتون نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس کے شوہر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور اس کی بیٹیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔پولیس کے مطابق خاتون کی درخواست پر ملزم شہزاد حسین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش کے دوران دستیاب شواہد، متاثرہ بچیوں کے بیانات اور دیگر قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔ الزامات کی حتمی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے اور قانونی کارروائی کے بعد ہی ہوسکے گی۔متاثرہ بچیوں کے تحفظ اور ان کی قانونی و نفسیاتی معاونت اس معاملے میں اہم قرار دی جارہی ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔