ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر اور اداکارہ کرن کھیر نے اپنی شادی کی 41ویں سالگرہ مکمل کرلی۔
اس موقع پر انوپم کھیر نے اہلیہ کرن کھیر کے لیے ایک خصوصی اور جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔انوپم کھیر نے اپنی اور کرن کھیر کی ماضی کی یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے ازدواجی زندگی کے کئی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اداکار نے دلچسپ انداز میں لکھا کہ ہر سال شادی کی سالگرہ کے موقع پر نئی تصاویر تلاش کرنا مشکل ہوجاتا ہے کیونکہ گزشتہ برسوں کے دوران تقریباً تمام تصاویر پہلے ہی شیئر کی جاچکی ہیں۔ان کے مطابق یہی صورتحال انہیں یہ احساس بھی دلاتی ہے کہ دونوں کو ایک ساتھ زندگی گزارتے ہوئے واقعی ایک طویل عرصہ گزر چکا ہے۔
41 سالہ رشتے میں خوشیاں اور اختلافات بھی شامل
انوپم کھیر نے اپنی ازدواجی زندگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور کرن کھیر کے رشتے میں محبت، خوشیاں، ہنسی مذاق، بحث، اختلافات، ایک دوسرے کے ساتھ گزارے گئے لمحات، انفرادی سفر، مشکل حالات اور اچھے دن سب شامل رہے ہیں۔اداکار نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ سب مل کر ہی شادی کی حقیقت بنتے ہیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اور کرن کھیر شخصیت کے اعتبار سے ایک دوسرے سے کافی مختلف ہیں، تاہم ان کے خیال میں یہی اختلاف ان کے 41 سالہ رشتے کو دلچسپ اور منفرد بناتا رہا۔
محبت کے ساتھ احترام بھی ضروری ہے
انوپم کھیر نے کہا کہ دونوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کو اپنی شخصیت کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی دی اور ایک دوسرے کو مناسب ذاتی جگہ بھی فراہم کی۔اداکار کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ محبت اپنی جگہ برقرار رہتی ہے، لیکن ایک طویل ازدواجی رشتے میں باہمی احترام بھی اتنا ہی اہم اور قیمتی ہوجاتا ہے۔انوپم کھیر نے اپنے پیغام کے اختتام پر اپنی اہلیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ وہ دونوں آنے والے کئی برسوں تک ایک دوسرے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلتے رہیں۔ان کی جانب سے شیئر کی گئی پرانی تصاویر اور محبت بھرا پیغام مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں کئی صارفین نے جوڑے کو شادی کی سالگرہ پر مبارکباد بھی دی۔
کرن کھیر کے بیٹے سکندر سے انوپم کا تعلق
واضح رہے کہ انوپم کھیر اور کرن کھیر کی اپنی کوئی اولاد نہیں۔ تاہم کرن کھیر کے پہلے شوہر سے بیٹے سکندر کھیر کی پرورش میں انوپم کھیر نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔بالی ووڈ کی یہ جوڑی کئی دہائیوں سے شوبز انڈسٹری میں سرگرم ہے اور اپنی طویل ازدواجی رفاقت کے باعث بھی مداحوں میں خاصی مقبول ہے۔