انوپم کھیر کو اشوکا ایوارڈ 2026 سے نواز دیا گیا

انوپم کھیر کو اشوکا ایوارڈ 2026 سے نواز دیا گیا

بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کو بھارتی فلم انڈسٹری اور فنون کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں اشوکا ایوارڈ 2026 سے نواز دیا گیا۔

اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایوارڈ تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس اعزاز پر خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے سب سے بامعنی اعزازات میں سے ایک ہے کیونکہ اس موقع پر انہیں صرف ایک اداکار کے طور پر نہیں بلکہ پروڈیوسر، ہدایت کار، مصنف اور موٹیویشنل اسپیکر کے طور پر بھی سراہا گیا۔انوپم کھیر نے اپنی پوسٹ میں لکھا، "ہر ایوارڈ صرف کامیابی کی علامت نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ساتھ لاتا ہے۔ میں آئندہ بھی دیانت داری، جذبے اور عاجزی کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھنے کی کوشش کروں گا۔"

انہوں نے چارلس والٹرز کونسل فار انوویشن اینڈ ریسرچ، ایسوسی ایشن آف انڈین بیوروکریٹس اور ایوارڈ تقریب کے دیگر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ اداکار نے اپنی بھانجی ورندا کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا، جنہوں نے ان کی غیر موجودگی میں ان کی جانب سے یہ اعزاز وصول کیا۔واضح رہے کہ انوپم کھیر حال ہی میں فلم ’تنوی دی گریٹ‘ میں نظر آئے، جس کے ذریعے انہوں نے ہدایت کاری کے میدان میں بھی واپسی کی ہے۔ فلم کو شائقین اور ناقدین دونوں کی جانب سے توجہ حاصل ہوئی، جبکہ انوپم کھیر کی بطور ہدایت کار واپسی کو ان کے کیریئر کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔