ایف آئی ایف اے کے صدر جانی انفینٹینو کی آئندہ مدت کے لیے دوبارہ انتخاب کی حمایت سے اٹلی اور رومانیہ کی فٹبال فیڈریشنز نے دستبرداری اختیار کرلی ہے، جس کے نتیجے میں ان پر مستعفی ہونے کے لیے دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
اطالوی فٹبال فیڈریشن (FIGC) نے اعلان کیا ہے کہ وہ مارچ میں ہونے والے فیفا صدارتی انتخاب میں انفینٹینو کی حمایت نہیں کرے گا۔ فیڈریشن کے صدر جیوانی مالاغو نے بتایا کہ یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں فیفا صدر کی جانب سے گورننس اور بین الاقوامی مقابلوں کی ترقی سے متعلق اقدامات کے سبب کیا گیا ہے۔ مالاغو کا کہنا ہے کہ اٹلی یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا اور دیگر یورپی فیڈریشنز کے ساتھ مل کر ایسے فٹبال کے فروغ کے لیے کام جاری رکھے گا جو میرٹ، یکجہتی، پائیداری اور شائقین کی اہمیت پر مبنی ہو۔دوسری جانب، رومانیہ کی فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ وہ انفینٹینو کو نئی مدت کے لیے ووٹ نہیں دے گی۔
رومانیہ کے فٹبال فیڈریشن کے صدر رزوان برلیانو کا کہنا ہے کہ اب ایسے نئے رہنما کی ضرورت ہے جو اتفاقِ رائے اور اتحاد پیدا کرسکے، اعتماد بحال کرے اور سب کو متحد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔انفینٹینو کو اس وقت شدید دباؤ کا سامنا ہے، خاص طور پر اس منصوبے پر تنقید ہوئی تھی جس میں ورلڈ کپ میں نجی سرمایہ کاروں کو حصص فروخت کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ تاہم، یہ منصوبہ اب ختم کردیا گیا ہے۔