پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شہریوں نے شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث زندگی گزارنا پہلے ہی مشکل ہو چکا ہے، جبکہ پٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرنے کے بعد یہ فیصلہ کرنا دشوار ہو گیا ہے کہ گاڑی چلائیں یا گھر کا چولہا جلائیں۔شہریوں نے شکایت کی کہ ایک طرف تنخواہیں جمود کا شکار ہیں، جبکہ دوسری جانب پٹرول، بجلی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے اثرات عام شہری سمیت ہر طبقۂ فکر پر پڑیں گے۔عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔