لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں سیکیورٹی فورسز کی خصوصی کارروائی کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ کارروائی 16 اکتوبر کو انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جن کے مطابق افغان طالبان کے پراکسی خوارج کی موجودگی کا سراغ ملا تھا۔ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے سلطان خیل اور طوفان والا کے علاقوں میں زمینی اور فضائی نگرانی شروع کی، اور خوارج کی نقل و حرکت کی نشاندہی ہونے کے بعد فوری کارروائی عمل میں لائی۔ اس دوران، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو دہشت گردی کے منصوبوں میں استعمال ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ چار روز کے دوران، افغان طالبان کے بھیجے گئے 102 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے، جو اس آپریشن کی کامیابی اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کوششوں کا ثبوت ہے۔ یہ کارروائیاں خطے میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشت گردی کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہیں۔