پاکستان کی عسکری و سفارتی حکمت عملی نے عالمی سطح پر وقار بلند کیا:سی این این کا اعتراف

 پاکستان کی عسکری و سفارتی حکمت عملی نے عالمی سطح پر وقار بلند کیا:سی این این کا اعتراف

اسلام آباد: امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی عسکری اور سفارتی حکمت عملی نے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کردیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی مثبت حکومتی اور عسکری سفارت کاری نے خطے میں پاکستان کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔ پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش ناکام ہوئی ہے۔سی این این نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے امریکہ اور بھارت کے مابین پالیسی کا رخ اچانک بدل دیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو امریکہ میں پسند کیا جا رہا ہے، اور مصر کانفرنس میں ٹرمپ نے انہیں اپنا "پسندیدہ فیلڈ مارشل" قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، امریکہ اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون بھی بڑھ رہا ہے، جس میں جولائی میں دونوں ممالک نے ٹیرف معاہدہ کیا اور پاکستانی تیل کے ذخائر پر مشترکہ تعاون کا اعلان کیا گیا ہے۔ سی این این نے نشاندہی کی ہے کہ امریکہ نے یہ بھی محسوس کیا ہے کہ پاکستان ایک مؤثر عسکری شراکت دار ہے، اور اس عسکری صلاحیت نے سعودی عرب کو بھی متاثر کیا ہے، جس نے حال ہی میں پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا ہے۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی سفارتی اور عسکری کامیابیوں نے ملک کی عالمی شناخت کو مستحکم کیا ہے۔