بالی وڈ کے شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کے خلاف ہنڈائی کار میں تکنیکی خرابی پر مقدمہ درج

بالی وڈ کے شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کے خلاف ہنڈائی کار میں تکنیکی خرابی پر مقدمہ درج

ویب ڈیسک کے مطابق بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کے خلاف بھارت کے راجستھان شہر بھرت پور میں ہنڈائی کی کار میں تکنیکی خرابی سامنے آنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بھارتی وکیل کیرتی سنگھ نے کار کی مینو فیکچرنگ میں مبینہ نقائص کے بعد کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر، کل وقتی ڈائریکٹر، سی ای او اور شوروم مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے۔ مقدمے میں شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے خراب گاڑیوں کے اشتہارات کے ذریعے صارفین کو گمراہ کیا۔کیرتی سنگھ نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے 2022 میں 23 لاکھ 97 ہزار بھارتی روپے کی کار بینک لون پر خریدی تھی اور یہ فیصلہ بالی وڈ اداکاروں کے اشتہارات دیکھ کر کیا تھا، جن میں برانڈ کی جانب سے کار کے مکمل طور پر ’Trouble free‘ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ تاہم، چند مہینوں کے استعمال کے دوران ہی کار میں تکنیکی خرابیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، حتیٰ کہ کئی بار کار حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں شخصیات کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔