گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز اور ان کے منگیتر، موسیقار بینی بلانکو نے شادی کی تیاریاں بیچلر پارٹیوں کے ساتھ شروع کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں سلینا گومز کو اپنی سہیلیوں کے ساتھ میکسیکو کے شہر کابو سان لوکاس میں ایک پرتعیش یاٹچ پر خوشگوار لمحات گزارتے دیکھا گیا۔ وہ اس دوران سیاہ اسٹریپ لیس سوئمنگ سوٹ اور سن گلاسز پہنے ہوئے نظر آئیں، بعد ازاں شہر کی سیر کرتی بھی دیکھی گئیں۔شادی سے قبل ہونے والی اس ممکنہ بیچلر پارٹی میں سلینا اور ان کی سہیلیاں رقص، سیلفیاں اور خوشگوار یادوں میں مصروف رہیں۔ رپورٹ کے مطابق سلینا جلد ہی اپنے منگیتر بینی بلانکو سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی ہیں، دونوں کی منگنی گزشتہ سال دسمبر میں ہوئی تھی۔
دوسری جانب، بینی بلانکو بھی لاس ویگاس میں اپنی بیچلر پارٹی مناتے دکھائی دیے۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنے خاص لمحات شیئر کیے، جن میں ایک تصویر اسپاکی تھی جسے انہوں نے "دنیا کی سب سے سکون بخش جگہ" قرار دیا۔سوشل میڈیا پر گردش کرتی ان تصاویر کے بعد مداح قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ سلینا اور بلانکو کی شادی قریب ہے، تاہم شادی کی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔