سلینا گومز نے وزن کے مسائل اور باڈی شیمنگ کے اثرات پر کھل کر بات کی

سلینا گومز نے وزن کے مسائل اور باڈی شیمنگ کے اثرات پر کھل کر بات کی

امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہیں اپنی زندگی بھر وزن کے مسائل کا سامنا رہا ہے، جس کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ میں بھی مبتلا رہیں۔

33 سالہ گلوکارہ نے کہا، "میں نے اپنی زندگی میں وزن کے بہت سے مسائل کا سامنا کیا ہے، اور یہ وہ چیز ہے جس کے لیے میں بہت حساس ہوں۔" انہوں نے بتایا کہ کئی بیماریوں اور دوائیوں کے اثرات کی وجہ سے وزن میں اتار چڑھاؤ آتا رہا۔ علاج کے دوران ان کا وزن بڑھ جاتا، اور دوائیاں بند ہونے کے بعد واپس گھٹنے لگتا۔سلینا نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ باڈی شیمنگ ان کے لیے بہت تکلیف دہ رہی، کیونکہ وہ سالوں سے اس مسئلے سے گزر رہی ہیں اور اس حوالے سے حساس ہیں۔انہوں نے 2023 میں ایک ٹک ٹاک لائیو میں بتایا تھا کہ انہیں 2014 میں لیوپس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد کیموتھراپی کے دوران وزن میں اضافہ ہوا۔ مزید برآں، گردے کی پیوند کاری کے بعد بھی وہ وزن بڑھنے کی وجہ سے باڈی شیمنگ کا سامنا کرتی رہیں۔

سلینا گومز نے 2022 میں بھی مداحوں کو یاد دلایا کہ وہ "ماڈل نہیں ہیں" اور جو جیسی ہیں بالکل ٹھیک ہیں۔ انہوں نے صحت کو ترجیح دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، "میری دوائیں اہم ہیں، اور مجھے یقین ہے کہ وہی میری مدد کرتی ہیں۔"سلینا گومز کی یہ باتیں ذہنی صحت، خود اعتمادی اور جسمانی صحت کے درمیان توازن پر روشنی ڈالتی ہیں، اور انہوں نے مداحوں کو یہ پیغام دیا کہ اپنی صحت اور خوشی کو ہمیشہ ترجیح دیں۔