لاس اینجلس: امریکی گلوکارہ و اداکارہ سیلینا گومز نے ایک بار پھر مستقبل میں ماں بننے اور اپنا خاندان مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
34 سالہ سیلینا گومز نے انسٹاگرام اسٹوری پر اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ ایک نومولود بچے کو گود میں اٹھائے نظر آئیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے صرف ’ایک دن…‘ لکھا، جسے ان کی مستقبل میں ماں بننے کی خواہش سے جوڑا جا رہا ہے۔سیلینا گومز اس سے قبل بھی اپنے شوہر بینی بلانکو کے ساتھ گفتگو میں مستقبل میں بچوں کی خواہش کے بارے میں بات کرچکی ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کتنے بچے چاہتی ہیں تو گلوکارہ نے بتایا تھا کہ ان کی خواہش چار بچوں کی ہے۔گلوکارہ کے مطابق بڑے خاندان کا خواب انہیں فلم ’دی فیملی اسٹون‘ کے ایک منظر سے ملا، جس میں پورا خاندان ایک ہی میز پر اکٹھا بیٹھا دکھائی دیتا ہے۔ سیلینا چاہتی ہیں کہ زندگی کے اگلے مرحلے میں ان کی ڈائننگ ٹیبل بھی اسی طرح خاندان سے بھری ہو۔سیلینا گومز یہ بھی واضح کرچکی ہیں کہ انہیں خود نہیں معلوم کہ مستقبل میں ان کا ماں بننے کا سفر کس طرح آگے بڑھے گا۔