سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں‘ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر حفاظتی اقدامات اور نگرانی تیز کی جائے:وزیراعظم

ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے دنیا مدد کرے شہبازشریف
پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر  ہوا ہے ، الیکٹریکل وہیکل پالیسی سے پیٹرولیم کی کھپت میں نمایاں کمی ہوگی ،نئی پالیسی حکومت کے ماحول دوست اقدامات کی جانب اہم پیش رفت ہے:تقریب سے خطاب

 کسٹم نظام میں اصلاحات جلد مکمل کی جائیں‘کاروباری طبقے کو سہولت دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، معاشی اور تجارتی اصلاحات کے ذریعے کاروبار اور سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے:اجلاس میں گفتگو

پاک فضائیہ کے شاہین وطن عزیز کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی دیوار ہیں، معرکہ حق میں پاک فضائیہ کے شاہینوں  نے دشمن کے جہاز گرا کر اسے کاری ضرب لگائی ،شہباز شریف کی  ایئرچیف مارشل  سے ملاقات  میں بات چیر

 اسلام آباد( آن لائن‘آئی این پی ) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے  پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہواہے ، خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے گھر کے گھر صفحہ ہستی سے مٹ گئے،تنہا اس آفت سے نہیں نمٹ سکتے ، دنیا کو مدد کیلئے آگے آنا ہوگا ، الیکٹریکل وہیکل پالیسی سے پیٹرولیم کی کھپت میں نمایاں کمی ہوگی اور آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی،نئی پالیسی حکومت کے ماحول دوست اقدامات کی جانب اہم پیش رفت ہے۔اسلام آباد میں نیو انرجی وہیکل پالیسی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2022 میں بھی سیلاب سے سیکڑوں اموات اور املاک کو نقصان پہنچا، اس سیلاب سے 30 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا جب کہ پاکستان کا گرین گیسوں کے اخرام میں بہت ہم کم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان ماحولیاتی چینلج سے تنہا نہیں نمٹ سکتا، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے دنیا کو پاکستان کی مدد کرنا ہوگا، پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ  خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے گھر کے گھر صفحہ ہستی سے مٹ گئے، بادل پھٹنے، فلیش فلڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی سے جانی اور مالی نقصانات ہوئے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور برطانوی حکومت کے پالیسی بنانے پر معاونت کے مشکور ہیں، نئی پالیسی حکومت کے ماحول دوست اقدامات کی جانب اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہارون اختر کو مبارکباد دیتا ہوں، انہوں نے صوبائی حکومت سے مشاورت کرکے جو پالیسی لانچ کی ہے، اس کے ذریعے سیکڑوں طلبہ کو کسی سفارش پر نہیں بلکہ ان کی محنت پر انہیں یہ بائیکس فراہم کی جارہی ہیں۔تقریب کے دوران ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں نمایاں کارکردگی پر طلبا میں الیکٹرک بائیکس کی تقسیم کی گئی‘دریں اثناء زیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کسٹم کے جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام میں شفافیت کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کسٹم نظام میں اصلاحات کو جلد مکمل اور مثر طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایات جاری کیں‘ شہباز شریف نے کسٹم نظام میں اصلاحات جلد مکمل کرنے اور موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔انہوں نے کہا شفافیت، ٹیکس کلیکشن میں بہتری اور کاروباری طبقے کو سہولت دینا حکومت کی اولین ترجیح ‘وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیراعظم نے دریائے ستلج سے متاثرہ صوبہ پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشنز تیز تر کرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے انخلا اور انہیں محفوظ مقامات پر پہنچانے  کیلئے  احکامات جاری کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اور نگرانی تیز کی جائے، متاثرہ افراد کو خوراک، ادویات اور خیموں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو پنجاب کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ہے‘علاوہ ازیںشہباز شریف سے چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ملاقات کی ہے، وزیراعظم نے دفاع وطن کے حوالے سے پاک فضائیہ کے کردار کو شاندار خراج تحسین کیا۔، ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہین وطن عزیز کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار ہیں، معرکہ حق میں پاک فضائیہ کے شاہینوں  نے دشمن کے جہاز گرا کر اسے کاری ضرب لگائی۔