چار افراد سامان سمیت سوار ہو کر نکلے ،اندھیرا ہونے پر بھٹک گئے،ریسکیو نے نکال لیا
ریسکیو 1122 نے 14 ہزار سے زائد افراد اور سیکڑوں جانور محفوظ مقامات پر منتقل کردیے
حجرہ شاہ مقیم ( آن لائن )دریائے ستلج کے ملحقہ علاقے درازکے میںرات گئے ایک کشتی کے دریا میں پھنسنے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آگئیں۔ اطلاع کے مطابق کشتی میں ایک خاتون سمیت چار افراد اور گھریلو سامان موجود تھا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو پوسٹ درازکے سے دو ریسکیو بوٹس تربیت یافتہ عملے کے ہمراہ جائے وقوعہ پر روانہ ہوئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے کشتی میں سوار تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اندھیرے میں مقامی کشتیوں پر سفر سے اجتناب کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ دریائے ستلج کے ملحقہ نشیبی علاقوں اٹاری، پوران، باقر کے مہار، پانہ مہار، جمال کوٹ، ہیڈ سلیمانکی، درازکے، سوجکے، میلو شیخوکا، نامہ جندیکا اور رتے کی سمیت دیگر دیہات سے 14 ہزار 332 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق دریائے ستلج کے متاثرہ علاقوں میں 27 ریسکیو بوٹس تربیت یافتہ عملے کے ہمراہ مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں