اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت طلال برائے داخلہ سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے عمران خان کو گڈ ٹو سی یو والی سہولت کاری اب نہیں ملے گی، بھانجا ہویا بھتیجا، سب کو قانون کاسامنا کرنا ہوگا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میںانہوںنے کہا سیاسی انتقام پر ہم یقین نہیں رکھے تاہم قانون سب کے لیے برابر ہے، پاکستان میں احتجاج کی اجازت ہے، بغاوت کی نہیں، سیاست کی اجازت دیں گے، انتشار کی نہیں، حکومت کسی سے بھی بلیک میل نہیں ہوگی۔طلال چوہدری نے کہا کہ علیمہ خان کو اس وقت یاد کیوں نہیں آیا، جب انہوں نے اپنے بیٹے کو ملک سے باہر بھگایا، کیوں اور کس کے ڈر سے وہ 2 سال تک پاکستان سے باہر بھگوڑا بن کر بیٹھا رہا ؟۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنمائوں نے جن بچوں کو ورغلایا وہ یہاں جیلوں، تھانوں اور عدالتوں کے چکر لگاتے رہے۔آپ تو کہتے تھے 2 نہیں ایک پاکستان ہونا چاہیے، جہاں سب انصاف کے کٹہرے میں آئیں، کیا عمران خان کا بھانجے ہونے کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا ہے، کیا ان کو بھی قانون کے مطابق ٹریٹ نہیں کیا جانا چاہیے۔وزیر مملکت نے کہا کہ اب آپ کہتے ہیں ایک نہیں 2 پاکستان ہوں، ایک ہینڈسمز کا اور دوسرا عام پاکستانیوں کا، آپ چاہتے ہیں آپ کا اپنا ہی قانون ہو، جو مرضی آئے کریں، کیونکہ ان کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔