ملک بھر میں ہیٹ ویو کی شدت، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

ملک بھر میں ہیٹ ویو کی شدت، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

ملک بھر خصوصاً لاہور میں شدید گرمی کا راج، محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کا ہیٹ ویو الرٹ جاری

لاہور: ملک بھر بالخصوص صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آج صبح لاہور کا درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے اوقات میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔موسمیاتی رپورٹ کے مطابق لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، جو گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا سبب بن رہی ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سورج کی تیز دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، ہلکے اور کھلے رنگ کے کپڑے پہنیں، اور دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتری یا ٹوپی کا استعمال کریں۔

فضائی آلودگی بھی خطرے کی حد کو چھو رہی ہے
دوسری جانب فضائی آلودگی کی صورت حال بھی تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق، لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا، جہاں اے کیو آئی 193 پوائنٹس تک پہنچ گیا ہے، جو صحت کے لیے مضر ہے۔

طبی ماہرین کی ہدایات
ماہرین صحت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ وقت گھروں کے اندر گزاریں، اگر باہر جانا ضروری ہو تو دھوپ سے بچاؤ کے لیے سن اسکرین، دھوپ سے بچانے والے چشمے اور پانی کی بوتل ہمراہ رکھیں۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور دل کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے بھی شہریوں کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ شدید گرمی کی صورت میں سرکاری اسپتالوں اور ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔