یوسف رضا گیلانی کا بیلاروس میں طبی مرکز اور جنگی تاریخ کے میوزیم کا دورہ

یوسف رضا گیلانی کا بیلاروس میں طبی مرکز اور جنگی تاریخ کے میوزیم کا دورہ

 چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیلاروس کے سرکاری دورے کے دوران منسک سائنٹیفک اینڈ پریکٹیکل سینٹر کا دورہ کیا اور طبی مرکز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان صحت، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے بیلاروس کی جدید طبی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اعضا کی پیوند کاری، روبوٹک سرجری اور مصنوعی ذہانت پر مبنی تشخیص میں بیلاروس کی پیش رفت قابلِ قدر ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان طبی شعبے میں ادارہ جاتی روابط اور علمی تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، جبکہ جدید طبی ٹیکنالوجیز اور مہارتوں کے اشتراک سے دونوں ممالک مزید فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پاکستانی پارلیمانی وفد نے بیلاروس کے جدید ہائبرڈ آپریٹنگ کمپلیکس میں براہِ راست طبی طریقۂ کار کا مشاہدہ بھی کیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے بیلاروسی اسٹیٹ میوزیم آف دی ہسٹری آف دی گریٹ پیٹریاٹک وار کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جنگ کے دوران بیلاروسی عوام کی مزاحمت اور قربانیوں پر مبنی تاریخی نمائشیں دیکھیں۔انہوں نے بیلاروسی عوام کی بہادری اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے دوستانہ تعلقات کو پارلیمانی اور عوامی روابط کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔