بارسلونا میں چوری کی واردات، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قیمتی گھڑی سے محروم

بارسلونا میں چوری کی واردات، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قیمتی گھڑی سے محروم

بارسلونا: چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے، رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی اسپین کے شہر بارسلونا میں قیمتی گھڑی سے محروم ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق عبدالقادر گیلانی سیروتفریح کے لیے بارسلونا میں موجود تھے جب نامعلوم چور ان کے قریب آ کر ان کی کلائی سے گھڑی چھین کر فرار ہو گئے۔ واقعہ اچانک پیش آیا اور ملزمان فوری طور پر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ذرائع کے مطابق متاثرہ گھڑی کی مالیت 56 ہزار یورو ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1 کروڑ 85 لاکھ روپے بنتی ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ واردات ایک مصروف مقام پر پیش آئی، تاہم فوری طور پر چوروں کی شناخت یا گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

مقامی پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ پاکستانی سفارتخانے کو بھی اس معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں جب غیر ملکی سیاح بارسلونا میں اس نوعیت کی واردات کا شکار ہوئے ہوں، شہر میں سیاحوں کو نشانہ بنانے والے جیب کتروں اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ماضی میں بھی رپورٹ ہوتی رہی ہیں۔