لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے مختلف ہیلتھ پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا، جبکہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں میانوالی میں مریم نواز میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں کلثوم نواز کینسر ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔گوجرانوالہ میں 268 بستروں پر مشتمل نواز شریف مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ لیہ میں میڈیکل کالج کے منصوبے پر رپورٹ پیش کی گئی، جس پر وزیراعلیٰ نے منصوبے کا قیام جلد ممکن بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ، انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اور سرگودھا کارڈیالوجی پراجیکٹس پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں انفیکشن، پلاسٹک سرجری، جینیٹک، سرجیکل اور آرتھوپیڈک انسٹیٹیوٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ چلڈرن ہسپتال ٹو اور انسٹیٹیوٹ آف اپتھلمالوجی بھی بنائے جائیں گے۔نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال اور 100 بستروں پر مشتمل جنرل ہسپتال کے قیام کا منصوبہ بھی شامل ہے۔