بسنت 2027 کے لیے پتنگ اور ڈور بنانے والوں کو مینوفیکچرنگ لائسنس جاری کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جبکہ بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ کے دفاتر میں ان کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پتنگ اور ڈور سازی کے لائسنس کے لیے 4 ہزار 300 سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 2 ہزار 537 درخواست گزاروں کی تصدیق مکمل کرلی گئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق اب تک ایک ہزار 250 افراد کو مینوفیکچرنگ لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ مزید ایک ہزار 500 درخواست گزاروں کی فیلڈ ویری فکیشن کا عمل جاری ہے۔لائسنس جاری ہونے کے بعد منظور شدہ مینوفیکچررز بسنت کے لیے پتنگ اور ڈور تیار کرسکیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مینوفیکچرنگ کی اجازت چھ ماہ قبل دینے کا مقصد بسنت کے موقع پر پتنگ اور ڈور کی طلب و رسد کو پورا کرنا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال مینوفیکچرنگ لائسنس کے لیے ایک ہزار 605 افراد نے درخواستیں دی تھیں، جبکہ ایک ہزار 337 افراد کو پتنگ اور ڈور سازی کے لائسنس جاری کیے گئے تھے۔