لاہور: بسنت 2027 کے لیے پتنگ، ڈور اور متعلقہ سامان کی تیاری کے عمل کو کئی ماہ پہلے شروع کرنے کا منصوبہ تاحال عملی طور پر آگے نہیں بڑھ سکا، کیونکہ مینوفیکچرنگ لائسنس کے اجرا میں تاخیر کے باعث درخواست گزار پتنگ اور ڈور کی تیاری شروع کرنے کے منتظر ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے بسنت 2027 کے لیے مینوفیکچررز کی رجسٹریشن کا عمل 5 ستمبر سے شروع کیا تھا، جس کا مقصد میلے سے کئی ماہ قبل پتنگ اور منظور شدہ ڈور کی دستیابی یقینی بنانا اور مینوفیکچرنگ کے عمل کو باقاعدہ نگرانی کے تحت لانا ہے۔تازہ اطلاعات کے مطابق تقریباً 4 ہزار مینوفیکچررز لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرا چکے ہیں، تاہم درخواستوں کی جانچ پڑتال اور فیلڈ ویریفکیشن مکمل نہ ہونے کے باعث ابھی تک لائسنس جاری نہیں کیے جاسکے۔ گزشتہ ہفتے تک انتظامیہ کے مطابق 3,500 درخواستیں زیرِ کارروائی تھیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پتنگ اور ڈور کی مینوفیکچرنگ شروع کرنے سے قبل متعلقہ افراد کے لیے لائسنس یا این او سی کا حصول لازمی ہوگا۔ درخواست گزاروں کی تصدیق کا عمل ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور پیرا فورس کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جبکہ مینوفیکچرنگ مقامات کی نگرانی اور معائنہ بھی انتظامی نظام کا حصہ ہوگا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ویریفکیشن کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد لائسنس جاری کیے جائیں گے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ اور منظور شدہ مینوفیکچررز کو ہی پتنگ، ڈور اور متعلقہ سامان تیار کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ غیر منظور شدہ یا ممنوعہ سامان کی تیاری اور فروخت کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بسنت 2027 کے لیے انتظامیہ نے محفوظ پتنگ بازی کے حوالے سے بھی ضوابط مقرر کیے ہیں۔ صرف منظور شدہ سائز کی پتنگیں اور مقررہ معیار کی روئی کی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ کیمیکل کوٹنگ والی ڈور اور دھاتی تار پر پابندی برقرار رہے گی۔واضح رہے کہ لاہور میں رواں سال فروری میں طویل وقفے کے بعد بسنت کی محدود واپسی ہوئی تھی، جس کے بعد حکومت نے آئندہ بسنت کے لیے تیاری اور نگرانی کا عمل کئی ماہ پہلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ بسنت 2027 کے لیے فیسٹیول 12 سے 14 مارچ تک منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائسنس کے اجرا کے بعد ہی رجسٹرڈ مینوفیکچررز پتنگ اور ڈور کی باقاعدہ تیاری شروع کرسکیں گے، جبکہ متعلقہ ادارے مینوفیکچرنگ کے عمل کی نگرانی جاری رکھیں گے تاکہ بسنت کے دوران صرف منظور شدہ اور محفوظ سامان ہی مارکیٹ میں دستیاب ہو۔