بسنت 2027: پتنگ اور ڈور سازوں کو 6 ماہ پہلے لائسنس دینے کا فیصلہ

بسنت 2027: پتنگ اور ڈور سازوں کو 6 ماہ پہلے لائسنس دینے کا فیصلہ

لاہور: بسنت 2027 کے انعقاد کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں، جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ صدارت اجلاس میں پتنگ اور ڈور کی تیاری، مینوفیکچررز کی رجسٹریشن اور بسنت پورٹل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بسنت سے تقریباً چھ ماہ قبل پتنگ اور ڈور کی تیاری کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بسنت کے موقع پر پتنگوں اور ڈور کی مناسب دستیابی یقینی بنانا اور تیاری کے عمل کو باقاعدہ نظام کے تحت لانا ہے۔ذرائع کے مطابق پتنگ اور ڈور بنانے والے مینوفیکچررز کو لائسنس جاری کرنے کا عمل آئندہ ہفتے سے شروع کیا جائے گا، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بسنت پورٹل کو فعال کرنے کے لیے بھی ضروری ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔

بسنت پورٹل آئندہ ہفتے فعال ہونے کا امکان
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بسنت پورٹل بھی آئندہ ہفتے فعال کردیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں پورٹل کو صرف مینوفیکچررز کے لیے کھولا جائے گا، جہاں وہ ای بز پورٹل کے ذریعے لائسنس کے حصول کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مینوفیکچررز کو باقاعدہ لائسنس جاری ہونے کے بعد ہی پتنگ اور ڈور کی تیاری کی اجازت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل کو آن لائن نظام کے ذریعے مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو بسنت پورٹل، مینوفیکچررز کی رجسٹریشن اور پتنگ و ڈور کی تیاری سے متعلق اقدامات پر بریفنگ بھی دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری ضروری
ذرائع کے مطابق بسنت پورٹل کھولنے اور پتنگ و ڈور سازی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے کیا جائے گا، جبکہ مینوفیکچرنگ کا عمل شروع کرنے سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری بھی حاصل کی جائے گی۔حکام کی جانب سے پتنگ اور ڈور کی تیاری کو لائسنسنگ نظام سے مشروط کرنے کا مقصد مینوفیکچرنگ کے عمل کو ضابطے کے تحت لانا اور مقررہ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔

اس بار تیاری کے لیے زیادہ وقت ملے گا
ذرائع کے مطابق گزشتہ بسنت کے موقع پر پتنگ اور ڈور کی مینوفیکچرنگ کی اجازت تقریباً ایک ماہ قبل دی گئی تھی، تاہم اس مرتبہ چھ ماہ پہلے تیاری شروع کرنے کی اجازت دینے کی تجویز ہے۔حکام کا خیال ہے کہ زیادہ وقت ملنے سے مینوفیکچررز کو پتنگ اور ڈور کی وافر مقدار میں تیاری کا موقع ملے گا، جس سے مارکیٹ میں طلب کے مطابق سامان کی دستیابی بہتر ہوسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق وافر مقدار میں پتنگ اور ڈور دستیاب ہونے کی صورت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اس بار گڈی اور ڈور نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔بسنت 2027 کے حوالے سے حتمی تاریخ، پتنگ اور ڈور سازی کے قواعد، لائسنسنگ کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات کا باضابطہ اعلان متعلقہ حکام کی جانب سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔