امریکی نیوز چینل سی بی ایس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ پینٹاگون کیوبا میں ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اس حوالے سے امریکی فوج میں مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
سی بی ایس نیوز اور متعدد امریکی حکام کے مطابق امریکی فوج اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا آئندہ 90 سے 120 دنوں کے اندر یو ایس سدرن کمانڈ کو معاون یونٹس فراہم کیے جاسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق متعلقہ دستاویز میں کیوبا کا براہِ راست ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی فوجی یونٹ کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دستاویز میں یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ ممکنہ طور پر فورسز کو کہاں تعینات کیا جائے گا یا وہ کس نوعیت کے آپریشن میں معاونت کریں گی۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ جائزہ کیوبا کے حوالے سے امریکا کی وسیع تر فوجی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ ایک اندرونی پیغام میں چھ مختلف اقسام کے یونٹس کی دستیابی سے متعلق معلومات طلب کی گئی ہیں، جنہیں ضرورت پڑنے پر یو ایس سدرن کمانڈ کے اختیار میں رکھا جاسکتا ہے۔یو ایس سدرن کمانڈ وسطی امریکا، جنوبی امریکا اور کیریبین خطے میں امریکی فوجی کارروائیوں کی نگرانی کرتی ہے۔