ہفتہ وار 500 روپے کا پٹرول ریلیف، عوام غیر مطمئن رہے

ہفتہ وار 500 روپے کا پٹرول ریلیف، عوام غیر مطمئن رہے

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ سواروں کے لیے ہفتہ وار 500 روپے اور ماہانہ 2 ہزار روپے تک پٹرول ریلیف دیا جا رہا ہے، تاہم جیکب آباد کے شہریوں نے اس پیکیج کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر موٹر سائیکل یا چنگچی رکشہ ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ نہیں تو وہ اس ریلیف سے کیسے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ان کے مطابق بہت سے افراد ایسی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں جو کسی دوسرے شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہوتی ہیں، جس کے باعث مستحق افراد کے لیے ریلیف حاصل کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محدود ریلیف پیکیج کے بجائے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ اس کا فائدہ براہِ راست تمام صارفین تک پہنچ سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گاڑی کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ ہونے کی صورت میں پٹرول خود استعمال کرنے والے شخص کو ریلیف ملے گا یا رجسٹرڈ مالک کو، یہ ایک اہم سوال ہے۔شہریوں کے مطابق 500 روپے ہفتہ وار ریلیف کے بجائے پٹرول سستا کیا جائے تو اس کا فائدہ تمام صارفین کو یکساں طور پر مل سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگے پٹرول کے باعث خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے عارضی ریلیف کے بجائے مستقل اقدامات کیے جائیں۔جیکب آباد کے شہریوں کی توجہ اب اس بات پر مرکوز ہے کہ حکومت کا پٹرول ریلیف پیکیج عملی طور پر مستحق موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ سواروں تک کس حد تک پہنچتا ہے۔