کیا پی ٹی آئی احتجاج اس لئے کیا جا رہا ہے ملک کیوں ڈیفالٹ سے بچ گیا :مریم اورنگزیب
لاہور (آئی این پی)سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے تناظر میں پارٹی کے ماضی کے پرتشدد واقعات کی ویڈیوز جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی ایک دفعہ پھر ریاست پہ حملہ آور ہونے کے کیے آ رہی ہے۔ ایکس پر کی گئی پوسٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی مسلسل اپنے عہدے اور دفتر کی بے توقیری اور تضحیک کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کیا احتجاج اس لیے کیا جا رہا ہے کہ ملک کیوں ڈیفالٹ سے بچ گیا اور پاکستان کی سفارتی ساکھ کیوں بحال ہوئی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کی تیاری کرنے والے عناصر ایک مرتبہ پھر پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر حملوں، ایمبولینسز جلانے اور عوام کے کاروبار، روزگار، نوجوانوں کی تعلیم اور مزدوروں کے روزگار کو متاثر کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے بھی خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کے احتجاجی پروگرام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔عظمی بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی کی توجہ دہشت گردی پر نہیں۔آفریدی صاحب صوبے کا چپہ چپہ گھوم رہے ہیں، کارکردگی صفر ہے۔انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہ کیا پی ٹی آئی کی تیاری پرامن احتجاج کے لیے ہے، الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ انتشار کی سیاست کی ہے اور ریاست شرپسندوں سے اچھی طرح نمٹنا جانتی ہے۔