جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی بھی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی:سینئر وزیر شرجیل میمن
کراچی(آئی این پی) سندھ حکومت نے فیک نیوز کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی(این سی سی آئی)سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ہے‘سیکریٹری اطلاعات اور محکمہ اطلاعات کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز کو فیک نیوز کی مانیٹرنگ اور موثر میڈیا حکمت عملی بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔ سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس ہوا ۔ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی بھی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ سینیئر وزیر نے حکم دیا کہ فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے معاونت لی جائے، مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فیک نیوز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فیک نیوز کی نشاندہی، تصدیق اور بروقت تدارک کے لیے محکمہ اطلاعات میں موثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے گا۔ فیک نیوز کے تدارک کے لیے محکمہ اطلاعات اور این سی سی آئی اے کے درمیان تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔