بیرون ملک فرار یوٹیوبرز سمیت کسی کو بھی ملک دشمن بیانیہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی
سوشل میڈیا پر گالم گلوچ اور بے بنیاد الزامات کا رجحان بڑھ رہا ہے:سی پی این ای کے وفد سے گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، فیک نیوز کی روک تھام ناگزیر ہے اور کسی کی پگڑی اچھالنا صحافت نہیں۔سی پی این ای کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا سوشل میڈیا پر گالم گلوچ اور بے بنیاد الزامات کا رجحان بڑھ رہا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الزام لگانے والے کو اپنے دعوے کے ثبوت بھی دینا ہوں گے، غلط کو غلط کہنا ہوگا اور خبر نشر کرنے سے پہلے متعلقہ فریق کا موقف ضرور لیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک فرار یوٹیوبرز ملک کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، کسی کو بھی ملک دشمن بیانیہ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافت ایک نہایت ذمہ دارانہ پیشہ ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے