معرکہ حق کے بعد طیاروں کے آرڈر ملنے لگے‘ آئی ایم ایف کو جلد خیرباد کہہ سکتے ہیں خواجہ آصف

بھارت کوئی بھی ایڈونچر کرنے کی پوزیشن میں نہیں‘ جنگ میں پاکستان کا جواب پوری دنیا نے دیکھا  مودی کو پھینٹی پڑی، نریندر مودی کی نہ ملک اور نہ بیرون ملک عزت رہی‘  بھارت کیخلاف جنگ میں ہمارے جہاز ٹیسٹ ہوگئے
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا دیگر صوبوں میں جاکر رنگ سازی سے گریز ِکریں‘ اپنے صوبے پر توجہ دیں‘ امریکہ کی وینزویلا میں کارروائی نے پنڈورا بکس کھول دیا ، کل پیوٹن بھی یوکرین کے صدر کو  اغواء  کرکے ماسکو لے جا سکتے ہیں
 پاکستان نے اقوام متحدہ میں  واضح اور جرات مندانہ موقف اختیار کیا ‘ صدر   ٹرمپ کی ناراضی کا خدشہ بھی ہو سکتا ہے،امریکہ نے ایران میں کسی قسم کی کارروائی کی تو یہ پاکستان سمیت پورے خطے کیلئے  بڑا چیلنج بن سکتا ہے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے  بھارت کے خلاف جنگ میں ہمارے جہاز ٹیسٹ ہوگئے، معرکہ حق کے بعد ہمیں اتنے آرڈرمل رہے ہیں کہ 6 ماہ بعد آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا پاک بھارت جنگ میں پاکستان کا جواب پوری دنیا نے دیکھا  مودی کو پھینٹی پڑی، نریندر مودی کی نہ ملک اور نہ بیرون ملک عزت رہی۔ جنگ کے دوران بھارت نے امریکا کو اپروچ کیا، چین سے بھی رابطہ کیا تھا، اب بھی بھارت نے جارحیت کی تو ویسے ہی جواب دیا جائے گا، پاکستانی فوج کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے، مئی 2025 کی جنگ کے بعد بھارت کا اعتماد تباہ ہوگیا۔انہوں نے کہا  پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، بھارت کوئی بھی ایڈونچر کرنے کی پوزیشن میں نہیں، بھارت نے جارحیت کی تو ویسے ہی جواب دیا جائے گا، جیسا کہ مئی میں دیا گیا۔ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی قابل اعتبار نہیں یہ بھارت سے ملے ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کے لوگ ٹی ٹی پی کو بھتہ دیتے ہیں۔ وینزویلا کے صدر کا اغوا اور ٹرائل کوئی اچھا شگون نہیں، دنیا کا موسٹ وانٹڈ کرمنل نیتن یاہو ہے، اگر امریکا انسانیت کا دوست ہے تو وہ نیتن یاہو کو اغوا کرے، ایران کے معاملے پر نیتن یاہو نے امریکا کو بے وقوف بنایا۔انہوں نے کہا  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اپنے صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے پر پوری توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور دیگر صوبوں کے دوروں کے بجائے خیبر پختونخوا کے ہر کونے میں جا کر عوام کو قیادت کا احساس دلانا چاہیے۔  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو شہداء کے جنازوں میں شرکت کرنی چاہیے‘خواجہ آصف  نے کہا  امریکہ کی وینزویلا میں کارروائی نے پنڈورا بکس کھول دیا ہے، کل پیوٹن بھی یوکرین کے صدر کو اس طرح اغوا کرکے ماسکو لے جا سکتے ہیں۔  وینزویلا سے متعلق پاکستان نے اقوام متحدہ میں ایک واضح اور جرات مندانہ موقف اختیار کیا ہے، اگرچہ اس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناراضی کا خدشہ بھی ہو سکتا ہے، تاہم اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ اگر وینزویلا میں کسی کارروائی کو درست قرار دیا جائے تو پھر روس کی یوکرین میں کارروائی کو غلط کہنا بھی مشکل ہو جائے گا، اس طرح کے دوہرے معیارات عالمی نظام کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران میں کسی قسم کی کارروائی کی تو یہ پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے