پیڈمک بورڈ آف ڈائریکٹرز کااجلاس، 30ارب کابجٹ منظور

لاہور(خصوصی رپورٹ )چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال کی زیر صدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 171واں اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 2025-2026 کے لئے 30 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔پنجاب انڈسٹریل سٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے مالی سال 2025-2026 میں مختلف ترقیاتی کاموں پر18 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ جن میں قائداعظم بزنس پارک کے لئے 8 ارب روپے، بہاولپور انڈسٹریل سٹیٹ کے لئے 1.2 ارب روپے، رحیم یار خان انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے 2.2 ارب روپے، ملتان انڈسٹریل سٹیٹ فیز ٹو ایکسٹینشن کے لئے 4.5ارب روپے، ڈرینیج سسٹمز کی تعمیر کے لئے 1 ارب روپے اور وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے 1ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ بورڈ نے بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کے ماسٹر پلان میں ترمیم کرنے، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں بس سٹینڈ اور ورکشاپ کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے کی منظوری دے دی۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ صنعتکاروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔