ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پنجاب یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا، جہاں طلباء، اساتذہ اور انتظامیہ نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس موقع پر انہوں نے قومی سلامتی، فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔ طلبہ نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اور فیکلٹی ممبران سے بھی ملاقات کی۔ طلبہ اور اساتذہ نے بھارت کے خلاف کامیاب حکمت عملی اور عسکری فتوحات پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے کہا کہ یہ نشست دشمن کے منفی پروپیگنڈے سے پیدا ہونے والے ابہام اور شکوک کو ختم کرنے کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ملاقات کے دوران فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کے خطرات سے متعلق آگاہی ملی، جو نوجوانوں میں بڑھتی غلط فہمیوں کے خاتمے کے لیے نہایت ضروری ہے۔شرکاء نے تجویز دی کہ اس نوعیت کے سیشنز کو تعلیمی اداروں میں باقاعدگی سے منعقد کیا جانا چاہیے تاکہ طلبہ کو حقیقت پر مبنی معلومات فراہم کی جا سکیں۔