چاغی: ہتھیار ڈالنے والے دہشتگرد جہانزیب کے سنسنی خیز انکشافات

چاغی: ہتھیار ڈالنے والے دہشتگرد جہانزیب کے سنسنی خیز انکشافات

ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع چاغی میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی کے دوران فتنہ الہندستان تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک نے ہتھیار ڈال دیے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی میں دہشت گرد زبیر بلوچ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا، جبکہ دوسرا دہشت گرد نثار فورسز کی فائرنگ میں مارا گیا۔ اس دوران تنظیم کا تیسرا رکن جہانزیب زندہ گرفتار ہوا، جس نے بعد میں اعترافی بیان ریکارڈ کروایا۔اپنے بیان میں جہانزیب نے انکشاف کیا کہ اس کا اصل نام جہانزیب علی اور تنظیمی نام علی جان ہے۔ وہ دو سال سے تنظیم کے ساتھ منسلک تھا اور زبیر بلوچ کے ساتھ تخریبی منصوبہ بندی میں شامل رہا۔ اس نے بتایا کہ دہشت گرد بلوچستان کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

جہانزیب کے مطابق 23 اور 24 ستمبر کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز نے ان کے گھر کو گھیرے میں لیا اور ہتھیار ڈالنے کا کہا۔ تاہم نثار اور زبیر نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ زبیر نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو گولی مار لی جبکہ نثار جوابی کارروائی میں ہلاک ہوگیا۔جہانزیب نے مزید کہا کہ اپنے ساتھیوں کی ہلاکت کے بعد اس نے ہتھیار ڈال دیے اور فورسز نے اسے زندہ گرفتار کرلیا۔ اس نے اعتراف کیا کہ لڑائی اور دہشت گردی مسائل کا حل نہیں، جس کا اسے اب احساس ہوا ہے۔