اس سکیم کے تحت پہلی مرتبہ گھر خریدنے والے شہری گھر، فلیٹ یا پلاٹ کی خریداری اور تعمیر کیلئے قرض حاصل کر سکیں گے
قرض کی رقم 20 لاکھ سے 35 لاکھ روپے تک ہوگی، آسان اقساط میں 20 سال کے عرصے میں واپس کیا جا سکے گا
کراچی (آئی این پی )اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کی سہولت کیلئے میرا گھر میرا آشیانہ سکیم کا آغاز کر دیا۔اس سکیم کے تحت پہلی مرتبہ گھر خریدنے والے شہری گھر، فلیٹ یا پلاٹ کی خریداری اور تعمیر کیلئے قرض حاصل کر سکیں گے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق قرض کی رقم 20 لاکھ روپے سے 35 لاکھ روپے تک ہوگی، جسے آسان اقساط میں 20 سال کے عرصے میں واپس کیا جا سکے گا۔حکومت کی جانب سے اس قرض پر سبسڈی 10 سال کیلئے فراہم کی جائے گی تاکہ صارفین پر بوجھ کم کیا جا سکے۔اہلیت کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس اسکیم سے صرف وہ افراد فائدہ اٹھا سکیں گے جو پہلی مرتبہ اپنا گھر خریدنے جا رہے ہیں۔ قرض فراہم کرنے کا عمل ملک کے تمام روایتی اور اسلامی بینکوں، مائیکروفنانس بینکوں اور ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن(ایچ بی ایف سی ) کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ شرح منافع کے حوالے سے واضھ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بینک کائیبور پلس 3 فیصد کے حساب سے قرض پر چارج کریں گے۔صارف کو 20 لاکھ روپے تک قرض صرف 5 فیصد شرح پر دیا جائے گا، جبکہ 35 لاکھ روپے تک قرض لینے والوں کو 8 فیصد شرح پر سہولت فراہم ہوگی۔