لاہور(آئی این پی )سوئی نادرن گیس کمپنی (ایس این جی سی)نے گھریلو صارفین کے لئے مائع قدرتی گیس(ایل این جی )کنکشن کی درخواستوں کی وصولی کا اعلان کر دیا۔سوئی نادرن گیس کمپنی کے اعلان کے مطابق امیدواروں کو اپنی درخواست کے ساتھ کمپیوٹرائزڈ نیشنل آئی ڈی کارڈ اور جائیداد کی ملکیت کے ثبوت جمع کرانا ہوں گے۔ یہ دستاویزات اسلئے لازمی قرار دی گئی ہیں تاکہ درست تصدیق اور نئے کنکشن کے عمل کو بغیر کسی دشواری کے مکمل کیا جا سکے۔کمپنی نے مزید وضاحت کی کہ وہ صارفین جنہیں پہلے ہی ڈیمانڈ نوٹس جاری ہو چکے ہیں، ان کو نئی درخواستوں کے عمل میں ترجیح دی جائے گی۔ ایسے صارفین کی سہولت کیلئے ایس این جی سی نے ایک خصوصی آن لائن لنک بھی تیار کیا ہے تاکہ تیز اور موثر کارروائی ممکن ہو سکے۔فیس کے حوالے سے ایس این جی سی نے بتایا کہ نئے آر ایل این جی کنکشن کے لئے سیکیورٹی ڈپازٹ 20,000 روپے (قابل واپسی) مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سروس لائن لگانے کے لئے 10 مرلہ تک گھروں کیلئے 1,500 روپے اور 10 مرلہ سے زائد گھروں کیلئے 3,000 روپے فیس رکھی گئی ہے۔ جو لوگ اپنی درخواستوں کی فوری منظوری چاہتے ہیں، ان کیلئے 25,000 روپے کی ایمرجنسی پراسیسنگ فیس بھی متعارف کرائی گئی ہے