نئے میٹرز کی قلت کے باعث پرانے درست میٹرز دوبارہ صارفین کے کنکشنز پر نصب ہوں گے
نیٹ میٹرنگ یا ایکسٹنشن آف لوڈ پر اتارے گئے میٹرز بھی دوبارہ نصب کرنے کی ہدایت،ذرائع
لاہور(آن لائن) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سنگل فیز میٹرز کی قلت کے باعث خراب اور جلنے والے میٹرز کو پرانے درست حالت میں موجود میٹرز سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ یا ایکسٹنشن آف لوڈ کی بنیاد پر اتارے گئے میٹرز بھی دوبارہ نصب کیے جائیں گے۔کمپنی ذرائع کے مطابق لیسکو کے پاس سنگل فیز میٹرز کا نیا اسٹاک ختم ہو چکا ہے، جس کے بعد تمام دفاتر سے اتارے گئے میٹرز کی ایم اینڈ ٹی رپورٹس طلب کی گئیں۔ ان رپورٹس میں جو میٹرز درست حالت میں پائے گئے، انہیں دوبارہ ریجنل اسٹورز کے سپرد کر دیا گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ ان میٹرز کو بعد ازاں فیلڈ اسٹورز سے ای آر پی کے تحت جاری کر کے صارفین کے کنکشنز پر نصب کیا جائے گا اور میٹر چینج آرڈر (MCO) کے تحت رپورٹ کیا جائے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین کے لیے نصب کیے جانے والے پرانے میٹرز پر موجودہ ریڈنگ کے مطابق بلنگ کا آغاز ہوگا۔لیسکو کے سسٹم میں اس وقت تقریباً 62 ہزار سنگل فیز میٹرز کو ڈیفیکٹو کوڈ لگا کر ظاہر کیا گیا ہے، جنہیں اس فیصلے کے تحت مرحلہ وار تبدیل کیا جائے گا۔