لیسکو نے جلنے اور خراب میٹرز کی جگہ پرانے میٹرز لگانے کا آغاز کر دیا

قوانین کے تحت جلنے والے میٹرز کو اضافی رقم وصول کیے بغیر تبدیل کیا جانا ضروری ہے 
لاہور(آئی ین پی)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے جلنے، خراب ہونے اور مختلف وجوہات کی بنا پر اترنے والے میٹرز کی جگہ پرانے میٹرز دوبارہ نصب کرنے کا عمل شروع کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ کی بنیاد پر اتارے جانے والے سنگل اور تھری فیز میٹرز کی لیبارٹری رپورٹس حاصل کر لی گئیں، لیبارٹری رپورٹ میں درست قرار دئیے جانے والے میٹرز کو ڈیفیکٹو کوڈ والے میٹرز سے تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لیسکو کے تمام متعلقہ دفاتر میں پرانے میٹرز کی تنصیب کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ خراب اور جلنے والے میٹرز کی تبدیلی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا کے قوانین کے تحت جلنے والے میٹرز کو صارفین سے اضافی رقم وصول کیے بغیر تبدیل کیا جانا ضروری ہے،تاہم اے ایم آئی  اسمارٹ میٹرز کی خریداری کیلئے بجٹ منظور نہ ہونے کے باعث فی الحال روایتی پرانے میٹرز ہی نصب کیے جا رہے ہیں۔ لیسکو کی جانب سے میٹرز کی تنصیب اور تبدیلی کے عمل کو دفاتر کی سطح پر آگے بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ سے متعلق میٹرز کی رپورٹس کی بنیاد پر بھی آئندہ کارروائی کی جائے گی۔