کراچی عمارت حادثہ: مالک اور ٹھیکیدار غائب، 4 رشتے دار گرفتار، 5 روزہ ریمانڈ منظور

کراچی عمارت حادثہ: مالک اور ٹھیکیدار غائب، 4 رشتے دار گرفتار، 5 روزہ ریمانڈ منظور

کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں کے مقدمے میں گرفتار 4 ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

 عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں عمارت گرنے کے واقعے سے متعلق مقدمے میں پولیس نے گرفتار چار ملزمان کو پیش کیا۔ ملزمان کی شناخت یار محمد، افضل خان، منیر اکرم اور سعد طاہر کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار افراد میں ٹھیکیدار کے رشتے دار بھی شامل ہیں، جبکہ عمارت کے مالک اور ٹھیکیدار کے بجائے ان کے رشتے داروں اور دیگر افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

اجازت گراؤنڈ پلس ون کی، تعمیر 6 منزلوں تک پہنچ گئی
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ عمارت کی تعمیر کے لیے گراؤنڈ پلس ون کی اجازت حاصل تھی، تاہم اس کے باوجود وہاں چھ منزلیں تعمیر کی جا رہی تھیں۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ واقعے کی فرانزک اور دیگر رپورٹس کے حصول کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ انہیں گزشتہ رات ہی مقدمے کی تفتیش سونپی گئی ہے اور ابھی باقاعدہ تفتیش شروع نہیں کی گئی۔ انہوں نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

ملزمان کا مؤقف: ہم مالک یا ٹھیکیدار نہیں، ہمیں کیوں گرفتار کیا گیا؟
دورانِ سماعت وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ ان کے مؤکلوں کو کس بنیاد پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ اگر عمارت میں غیر قانونی تعمیرات ہو رہی تھیں تو صرف وہاں موجود افراد کو گرفتار کرنے کا کیا جواز ہے؟ملزمان نے عدالت کو بتایا کہ وہ صرف وہاں کام کر رہے تھے، عمارت کے مالک یا ٹھیکیدار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت گرنے میں ان کا کیا کردار ہے، یہ واضح کیا جائے۔ ایک ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی کا بھائی ہونا جرم نہیں، اس کا بھائی فرار ہوگیا تو اسے گرفتار کرلیا گیا۔وکیل صفائی نے مزید کہا کہ عمارت کی تعمیر میں مرکزی کردار ادا کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی نظر نہیں آرہی، جبکہ وہاں مزدوری کرنے والے افراد بھی حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے کسی افسر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے؟

عدالت کا ایس بی سی اے حکام، مالک اور ٹھیکیدار کی گرفتاری پر زور
عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمارت کے مالک کو گرفتار کیا جائے تاکہ معلوم ہوسکے کہ غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں کون کون ملوث تھا اور کس نے پیسے وصول کیے۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ ایس بی سی اے کے عہدیداران، عمارت کے مالک اور ٹھیکیدار کو مقدمے میں نامزد کرکے گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ایک سنگین جرم ہے، اس لیے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ تفتیش آگے بڑھائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ملزم کے خلاف شواہد نہ ملے تو اسے رہا کردیا جائے گا۔اس پر عدالت نے ایک بار پھر ایس بی سی اے کے ذمہ دار افسران کو بھی گرفتار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پولیس سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب
عدالت نے چاروں ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔پولیس کے مطابق واقعے کے مقدمے میں قتل، غفلت، لاپرواہی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ گرفتار چار ملزمان کے علاوہ بھی مقدمے میں دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں عمارت کے مالکان، بلڈرز، کنٹریکٹر اور دیگر متعلقہ افراد شامل ہیں۔