ویب ڈیسک:انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ 5 اکتوبر کو ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت کے دوران کیا گیا۔
پولیس نے اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست دی، جس پر عدالت نے سماعت کی۔ اس دوران اعظم سواتی نے خود پیشکش کی کہ ان کا ریمانڈ 1 یا 2 دن کے بجائے ایک ہی بار 7 دن بڑھا دیا جائے تاکہ پولیس کو تفتیش میں سہولت ہو۔عدالت نے ان کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے ریمانڈ میں توسیع کر دی اور پولیس کو حکم دیا کہ وہ تفتیش مکمل کرے اور 13 نومبر کو اعظم سواتی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرے۔اعظم سواتی پر الزام ہے کہ انہوں نے 9 مئی کو تحریک انصاف کے کارکنوں کے ہمراہ ملک بھر میں احتجاج کیا، جس دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور جلاؤ گھیراؤ کی کارروائیاں کی گئیں۔ اس کیس میں ان کی گرفتاری کے بعد پولیس نے انہیں جسمانی ریمانڈ پر لیا تھا، جو اب مزید 7 دن کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔