لاہور: باغبانپورہ میں زیرِ تعمیر عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے انکشاف کیا ہے کہ متعلقہ اسکول نجی سطح پر بغیر رجسٹریشن کے چلایا جا رہا تھا، جبکہ وہاں غیر قانونی طور پر سمر کیمپ بھی منعقد کیا جا رہا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسکول کی عمارت کو توسیع دینے کے لیے اس سے ملحقہ عمارت پر تعمیراتی کام جاری تھا۔ تعمیر کے دوران اچانک پہلی منزل منہدم ہو گئی، جس سے ملبہ نیچے آ گرا اور حادثہ پیش آیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت اسکول میں جاری سمر کیمپ کے تمام بچے محفوظ رہے، جبکہ ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امدادی آپریشن مکمل کر لیا اور جائے وقوعہ کو کلیئر قرار دے دیا۔حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول نہ صرف رجسٹرڈ نہیں تھا بلکہ سمر کیمپ بھی متعلقہ اجازت کے بغیر چلایا جا رہا تھا، جس پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس نے واقعے کے بعد اسکول کی مالک نادیہ رضوان سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ تعمیراتی کام اور حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ شہر بھر میں نجی تعلیمی اداروں اور زیرِ تعمیر عمارتوں کی جانچ پڑتال بھی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔