لاہور: 3 سالہ بچی سے مبینہ جنسی زیادتی، قریبی رشتے دار ملزم گرفتار

لاہور: 3 سالہ بچی سے مبینہ جنسی زیادتی، قریبی رشتے دار ملزم گرفتار

لاہور میں 3 سالہ بچی کے مبینہ جنسی استحصال کے واقعے میں ملوث قریبی رشتے دار کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

 نواں کوٹ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے ملزم حسن کو حراست میں لے لیا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم گھر آتا جاتا تھا اور مبینہ طور پر اس نے والدین کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچی کو ہراساں کیا۔ واقعے کا مقدمہ متاثرہ بچی کے والد کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں والدین موجود نہیں تھے جبکہ ان کی دونوں بیٹیاں اور ایک بیٹا گھر پر تھے۔ والد نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ملزم موقع پا کر گھر میں داخل ہوا اور سب سے چھوٹی بیٹی کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کیں۔والد کے مطابق خوف کے باعث بچی فوری طور پر کسی کو واقعے کے بارے میں نہیں بتا سکی، تاہم بعد میں جب وہ خوف کی کیفیت سے باہر آئی تو اس نے اپنے والدین کو اپنی زبان میں پیش آنے والے واقعے سے آگاہ کیا۔

بچی کے والد کی درخواست پر پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کی حفاظت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں اور ان کے رویوں میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو تنہا چھوڑنے سے گریز کریں اور اگر کسی مجبوری کے تحت انہیں گھر پر چھوڑنا پڑے تو ان کی دیکھ بھال کسی قابلِ اعتماد اور محفوظ فرد کے سپرد کریں۔