کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آکر نیا بلدیاتی قانون نہیں بنا رہی، ایسا تاثر دینا درست نہیں۔
بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار اور مالی خودمختار بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی، جبکہ ریفرنڈم کسی مسئلے کا حل نہیں اور یہ عمل لاحاصل ہوگا۔سی ایم ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ صوبے میں بلدیاتی نظام کو مزید مؤثر اور بااختیار بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ کمیٹی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار شامل ہوں گے، جو تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرکے ان کی تجاویز حاصل کریں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کمیٹی آئندہ ہفتے سے کام شروع کرے گی اور محکمہ بلدیات کو تین ماہ کے اندر نئے قانون کا مسودہ تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہوں اور یہ انتخابات نئے قانون کے تحت کرائے جائیں۔پریس کانفرنس کے دوران سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزرا ضیاءالحسن لنجار، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔
بلدیاتی اداروں کو مزید اختیارات دینے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے جس نے بلدیاتی نظام کو جاری رکھا اور مختلف حالات کے باوجود بلدیاتی انتخابات کرائے۔ ان کے مطابق الطاف حسین کی تقریر کے 15 روز بعد بھی بلدیاتی انتخابات منعقد کیے گئے تھے، جن کے نتیجے میں 2016 میں ایم کیو ایم کے وسیم اختر کراچی کے میئر منتخب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا ختم ہونے کے فوری بعد بھی صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرائے گئے۔ اب حکومت بلدیاتی اداروں کو مزید اختیارات دینے اور انہیں مالی طور پر خودمختار بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 2018 سے بلدیاتی ادارے پی ٹی آئی نے ختم کیے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے۔ سندھ حکومت کا مقصد ایسا نظام متعارف کرانا ہے جس میں بلدیاتی نمائندے عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل کرسکیں۔
ریفرنڈم سے متعلق سوالات کا جواب
وزیراعلیٰ سندھ نے ریفرنڈم کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس حوالے سے کسی نے باضابطہ طور پر کچھ نہیں کہا اور وہ اس بارے میں صرف میڈیا سے سن رہے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ریفرنڈم کس معاملے پر کرایا جائے گا، جب آئین میں صوبوں کے اختیارات اور ان کے معاملات سے متعلق واضح طور پر لکھا ہوا ہے تو پھر ریفرنڈم کی ضرورت کیا ہے؟ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے انعقاد پر اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، اس لیے ہر معاملے کے لیے ریفرنڈم کا راستہ اختیار کرنا مناسب نہیں۔ 1973 کے آئین میں صوبوں سے متعلق معاملات واضح ہیں اور پیپلزپارٹی کا پورے پاکستان کے لیے ایک ہی مؤقف ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر آئین کے مطابق ہی معاملات چلانے ہیں تو پھر اس کے لیے کسی متبادل طریقہ کار کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟ ریفرنڈم لاحاصل ہوگا اور انہیں یہ کسی مسئلے کا حل دکھائی نہیں دیتا۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ سندھ حکومت اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آکر نیا بلدیاتی قانون بنا رہی ہے تو یہ تاثر غلط ہے۔ بلدیاتی نظام میں اصلاحات پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہیں اور حکومت اس حوالے سے پہلے ہی کام کرنا چاہتی تھی۔
نئے بلدیاتی قانون میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہوگی
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئی کمیٹی مختلف سیاسی جماعتوں، متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی۔ اگر کسی جانب سے بلدیاتی حدود میں تبدیلی کی تجویز سامنے آتی ہے تو اس پر بھی غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتی ہے جو بااختیار ہونے کے ساتھ مالی طور پر بھی خودمختار ہو۔ اس معاملے پر تمام فریقین کی رائے لی جائے گی تاکہ قابلِ عمل قانون تیار کیا جاسکے۔مراد علی شاہ نے خبردار کیا کہ مشاورت کے عمل کے دوران کوئی نیا تنازع کھڑا کرکے اس کوشش کو سبوتاژ نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کرے گی۔
کراچی کی 123 عمارتوں پر تعمیراتی کام رکوا دیا، وزیراعلیٰ
کراچی میں عمارتوں کے گرنے اور غیر قانونی تعمیرات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ کراچی میں 123 عمارتوں پر عدالتی حکمِ امتناع کے تحت تعمیراتی کام جاری تھا، تاہم حکومت نے ان تمام عمارتوں پر کام رکوا دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ملاقات کا وقت بھی مانگا تھا، تاہم وہ دستیاب نہیں تھے۔ حکومت عدالت سے درخواست کرے گی کہ ایسے مقدمات کا فیصلہ 15 روز کے اندر کیا جائے تاکہ تعمیرات سے متعلق معاملات واضح ہوسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی افسر یا ادارے کی کوتاہی ثابت ہوتی ہے تو اس کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عدالتی حکمِ امتناع کی بنیاد پر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا تھا، متعلقہ حکام کو ایسے احکامات کو بروقت چیلنج کرنا چاہیے تھا۔
بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں تنظیم نو اور اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ ادارے میں 17 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ عمارتوں کی تعمیر میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور متعلقہ اداروں کی غفلت کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ جس کی کوتاہی سامنے آئے گی، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے
امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم پرامن احتجاج کرنا تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے اور حکومت کسی پر پابندی عائد نہیں کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ اتوار کو احتجاج کے اعلان کے بعد حکومت نے متعلقہ جماعتوں سے رابطہ کیا اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایس او پیز تیار کیں۔ اگر احتجاج کے دوران قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی کی جائے گی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے پہلے ہی 28 تاریخ کو احتجاج کی درخواست دی تھی، بعدازاں معلوم ہوا کہ ایم کیو ایم نے بھی اسی روز احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کی کمیٹی نے تمام جماعتوں سے ملاقات کرکے انہیں امن و امان برقرار رکھنے کی درخواست کی۔
انہوں نے ایم کیو ایم سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسا کوئی اقدام نہ کرے جس سے شہر میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو۔ قادر مگسی کی جماعت کی جانب سے دی گئی درخواست پر فیصلہ محکمہ داخلہ کرے گا۔
آٹے کی قیمت 138 روپے فی کلو مقرر کرنے پر اتفاق
وزیراعلیٰ سندھ نے مہنگے آٹے کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا ہے، جس میں ملز مالکان کے ساتھ 138 روپے فی کلو قیمت پر اتفاق ہوگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کے اجرا میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جاسکے اور شہریوں کو ریلیف فراہم ہو۔
تھر ایمبولینس واقعے کی رپورٹ مسترد، کارروائی کا اعلان
مراد علی شاہ نے تھر میں ایمبولینس کو آگ لگنے کے واقعے میں ہلاکتوں پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی ابتدائی رپورٹ مسترد کردی گئی ہے اور معاملے کی مزید جانچ کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کوئی دہرا معیار نہیں اپنایا جائے گا اور جس کی بھی ذمہ داری ثابت ہوئی اس کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔