دلجیت دوسانجھ کے بنگلورو کانسرٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی، سیکیورٹی سخت کردی گئی

دلجیت دوسانجھ کے بنگلورو کانسرٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی، سیکیورٹی سخت کردی گئی

بھارت:  گلوکار دلجیت دوسانجھ کے بنگلورو میں ہونے والے کانسرٹ کو ایک بار پھر بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد بھارتی پولیس اور سیکیورٹی ادارے متحرک ہوگئے ہیں جبکہ کانسرٹ کے مقام کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دلجیت دوسانجھ کا اگلا کانسرٹ 29 نومبر کو بھارتی شہر بنگلورو کے نیس روڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونا ہے۔ اس حوالے سے بھارتی حکام کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس میں کانسرٹ کو بم دھماکے سے نشانہ بنانے کی وارننگ دی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق یہ ای میل 9 نومبر کو ہبلی دھارواڑ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کی سرکاری ای میل آئی ڈی پر بھیجی گئی تھی۔ ای میل میں کانسرٹ کے دوران ممکنہ حملے کی دھمکی دینے کے ساتھ بچوں کو تقریب میں نہ لانے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔

دھمکی آمیز ای میل میں خالصتان کا نعرہ بھی شامل

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز ای میل کے اختتام پر ’’خالصتان زندہ باد‘‘ کا نعرہ بھی درج تھا۔ اس تفصیل کے سامنے آنے کے بعد پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس حکام ای میل بھیجنے والے شخص یا گروہ کی شناخت اور دھمکی کے پس پردہ محرکات جاننے کے لیے سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب کانسرٹ کے مقام اور اطراف میں حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔

کانسرٹ کے شیڈول میں تبدیلی کا اعلان نہیں

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز ای میل نے بھارتی پولیس اور متعلقہ حکام کو چوکنا کردیا ہے، تاہم کانسرٹ کے منتظمین یا حکام کی جانب سے 29 نومبر کو ہونے والی تقریب کے شیڈول میں تاحال کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا۔