بھارت کے معروف پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے کہا ہے کہ وہ فی الحال لاہور کا دورہ نہیں کریں گے، اور اس کی بنیادی وجہ انہوں نے خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال کو قرار دیا ہے۔
دلجیت دوسانجھ نے منگل کے روز اپنے یورپی ٹور کی تشہیر کے حوالے سے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کیا، جہاں انہوں نے مداحوں کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔اسی دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک مداح نے ان سے شہر آنے کی درخواست کی۔ جواب میں دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ وہ لاہور آنے سے گریز کریں گے کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں انہیں مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “یہ سب سیاست کا کھیل ہے، اور میں ہمیشہ سیاست سے دور رہتا ہوں۔” ان کے مطابق خطے کے حالات اس وقت ایسے ہیں کہ کسی بھی متنازعہ ردعمل سے بچنے کے لیے احتیاط ضروری ہے۔
گلوکار نے یہ بھی کہا کہ موجودہ ماحول میں ان کے لیے دونوں ممالک کے درمیان توازن برقرار رکھنا آسان نہیں ہوگا، اسی لیے وہ فی الحال کسی بھی ایسے دورے سے اجتناب کر رہے ہیں جو تنازع کا باعث بن سکتا ہے۔دلجیت دوسانجھ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے، جہاں مداحوں کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔