پاکستانی نیٹ فلکس سیریز کے خلاف بھارت میں مہم، نمائش پر پابندی کا مطالبہ سامنے آگیا

پاکستانی نیٹ فلکس سیریز کے خلاف بھارت میں مہم، نمائش پر پابندی کا مطالبہ سامنے آگیا

پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز سے قبل ہی بھارت میں اس کی مخالفت شروع ہوگئی، آل انڈین سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر سیریز کی نمائش روکنے کا مطالبہ کردیا۔

معروف عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی فلمی تنظیم نے اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ فلکس پر پاکستانی مواد کی نمائش روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ تنظیم نے پاکستانی مواد پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کی تجویز بھی پیش کی ہے، جبکہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی اداکاروں پر بھارت مخالف بیانات کا الزام

آل انڈین سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے اپنے خط میں الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی سیریز میں شامل کئی اداکار ماضی میں بھارت مخالف بیانات دے چکے ہیں۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ ایسے فنکاروں اور پاکستانی مواد کو بھارتی پلیٹ فارمز پر جگہ نہیں ملنی چاہیے۔دوسری جانب پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی پہلی قسط 4 دسمبر کو نشر کی جائے گی۔ سیریز کی ریلیز سے قبل ہی اس کے حوالے سے بھارتی فلمی حلقوں میں مخالفت سامنے آنا شروع ہوگئی ہے۔

پاکستانی ڈراموں کی نمائش پر بھی اعتراضات

اس سے قبل بنگلورو میں پاکستانی ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کی واچ پارٹی بھی ریاستی مداخلت کے بعد منسوخ کردی گئی تھی۔ اس واقعے نے بھارت میں پاکستانی ڈراموں اور تفریحی مواد کی نمائش سے متعلق پابندیوں اور اعتراضات پر ایک نئی بحث کو جنم دیا۔

فن اور ثقافت کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھنے کا مطالبہ

شوبز سے وابستہ شخصیات کے مطابق بھارتی فلمی تنظیم کا پاکستانی سیریز کی نمائش روکنے کا مطالبہ ثقافتی تنگ نظری کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فن، ادب اور ثقافت کو سیاسی اختلافات اور نفرت کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے۔شوبز حلقوں کا مؤقف ہے کہ بھارت میں پاکستانی مواد کی مقبولیت کے باوجود اس کی نمائش روکنے کی کوششیں فن اور ثقافت کو سیاسی تنازعات کے لیے استعمال کرنے کے مترادف ہیں۔