پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کی بھارت میں مقبولیت کے باوجود پاکستانی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز سے قبل نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بعض حلقوں کی جانب سے سیریز کی ریلیز پر پابندی کے مطالبے کے بعد بھارتی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں تیار کردہ مواد کو بھارت میں اسٹریم نہ کیا جائے۔فرحت اشتیاق کے مشہور اردو ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی یہ سیریز پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز قرار دی جا رہی ہے، جو 4 دسمبر 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیریز کی ریلیز سے قبل بھارت میں اس کے خلاف بعض حلقوں کی جانب سے پابندی کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلکس سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ پاکستان میں تیار کیا گیا مواد بھارتی ناظرین کے لیے دستیاب نہ ہو۔محبت، دھوکے اور رشتوں کی پیچیدگیوں پر مبنی اس سیریز کے ٹریلر نے ریلیز سے قبل ہی شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ٹریلر میں پاکستانی شوبز کے نامور فنکار منفرد کرداروں میں دکھائی دیے ہیں، جبکہ فواد خان اور صنم سعید کی جوڑی کی محبت کی جھلک بھی پیش کی گئی ہے۔ ماہرہ خان ایک بے باک کردار میں نظر آ رہی ہیں۔سیریز کی ایک اور خاص بات ماضی کے مقبول ڈرامے ’من مائل‘ کی جوڑی مایا علی اور حمزہ علی عباسی کی دوبارہ اسکرین پر واپسی ہے۔ اس کے علاوہ ہانیہ عامر منفی کردار میں دکھائی دیں گی، جبکہ اقرا عزیز اور احد رضا میر بھی مرکزی کرداروں میں شامل ہیں۔ٹریلر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سیریز کی کاسٹ، کہانی اور پروڈکشن کو سراہا جا رہا ہے۔ مداحوں کو اس بات کا بھی انتظار ہے کہ معروف ناول کو اسکرین پر کس انداز میں پیش کیا گیا ہے۔