ناول نگار فرحت اشتیاق کے مقبول ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز کی ریلیز سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق یہ سیریز 2026 کے اختتام تک نیٹ فلکس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔یہ ناول پہلی بار 2009 میں ایک خواتین ڈائجسٹ میں قسط وار شائع ہوا تھا، جبکہ 2013 میں اسے کتابی شکل میں بھی شائع کیا گیا۔ ناول کو قارئین کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی ملی، جس کے بعد اس پر سیریز بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اگرچہ اس سے قبل کئی پاکستانی ڈرامے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے کے بعد نیٹ فلکس پر دستیاب کیے جا چکے ہیں، تاہم ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ہوگی، جسے ہم ٹی وی اور نیٹ فلکس کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔سیریز کی کاسٹ میں پاکستان شوبز انڈسٹری کے کئی بڑے نام شامل ہیں، جن میں ماہرہ خان، فواد خان، بلال اشرف، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، صنم سعید، احد رضا میر، نادیہ خان اور دیگر معروف فنکار شامل ہیں، جبکہ اس کی پروڈیوسر اور ہدایت کار مومنہ درید ہیں۔یہ سیریز ابتدائی طور پر 2025 میں ریلیز ہونا تھی، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر مقررہ وقت پر اس کی نمائش نہ ہو سکی۔
اس کے بعد طویل عرصے تک نہ کاسٹ اور نہ ہی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ پیش رفت سامنے آئی، جس سے مداحوں میں یہ تاثر پیدا ہونے لگا کہ شاید منصوبہ ملتوی یا منسوخ کر دیا گیا ہے۔تازہ رپورٹس کے مطابق مومنہ درید اس وقت سیریز کی فائنل ایڈیٹنگ کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ توقع ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں کاسٹ اس کی باقاعدہ تشہیری مہم بھی شروع کرے گی۔دوسری جانب، مسلسل تاخیر کے باعث شائقین اب بھی محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے ریلیز کی خبروں پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔ ایک مداح نے لکھا، "جب تک اقساط نیٹ فلکس پر ریلیز نہیں ہوتیں، میں اس خبر پر یقین نہیں کروں گا۔" جبکہ دیگر صارفین نے بھی برسوں کی تاخیر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس بار سیریز واقعی اپنے مقررہ وقت پر ریلیز ہوگی۔