نیٹ فلکس پر پاکستانی ستارے جلوہ گر ہونے کو تیار، لانچ تقریب کی دلکش جھلکیاں

نیٹ فلکس پر پاکستانی ستارے جلوہ گر ہونے کو تیار، لانچ تقریب کی دلکش جھلکیاں

کراچی: پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے ٹریلر اور موسیقی کی لانچنگ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور فنکاروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں فواد خان، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، مایا علی، صنم سعید، خوشحال خان، نادیہ خان، احمد علی اکبر، مومنہ درید اور سلطانہ صدیقی سمیت کئی معروف شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی خوب توجہ حاصل کر رہی ہیں۔نیٹ فلکس اور ہم ٹی وی کے اشتراک سے تیار کی جانے والی یہ سیریز معروف پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق کے مشہور ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی ہے۔ یہ ناول پہلی مرتبہ 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں شائع ہوا تھا، جبکہ 2013 میں اسے کتابی شکل میں شائع کیا گیا۔سیریز کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کے فرائض مومنہ درید نے انجام دیے ہیں۔ اس پروجیکٹ میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کئی بڑے نام ایک ساتھ دکھائی دیں گے، جس کے باعث سیریز کی ریلیز سے قبل ہی شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

تین نسلوں کی کہانی، بڑے ستارے اہم کرداروں میں نظر آئیں گے
سیریز میں تین نسلوں کی کہانی پیش کی جائے گی، جس میں احد رضا میر سکندر شہریار جبکہ اقرا عزیز لیزا کے مرکزی کردار ادا کریں گی۔دیگر نمایاں کرداروں میں فواد خان محمود، ماہرہ خان راحت، ہانیہ عامر سیم، حمزہ علی عباسی شہریار، مایا علی آمنہ، بلال اشرف وقار، صنم سعید وٹوریا، احمد علی اکبر جہانزیب اور خوشحال خان زین کے کردار میں دکھائی دیں گے۔سیریز کی معاون کاسٹ میں آمنہ شیخ، نادیہ خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور سامعہ ممتاز بھی شامل ہیں۔ اتنی بڑی اور متنوع کاسٹ کی موجودگی اس سیریز کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے نمایاں منصوبوں میں شامل کر رہی ہے۔

نیٹ فلکس پر 4 دسمبر کو ریلیز ہوگی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے بڑے ستاروں سے سجی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ 4 دسمبر 2026 کو دنیا بھر میں نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔