تل ابیب: اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ امریکا کی فوجی معاونت کے بغیر بھی ایران پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت خود فوجی کارروائی کرسکتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان افی ڈیفرین نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج ایران کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ حملے کے لیے تیار ہے اور اس کارروائی کے لیے امریکی تعاون کا انتظار کرنا ضروری نہیں۔ ان کے مطابق اسرائیل اپنی دفاعی اور فوجی صلاحیتوں کی بنیاد پر خود بھی ایران کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے۔اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کان کے مطابق افی ڈیفرین نے اپنے بیان میں ایران کو اسرائیل کے وجود کے لیے بدستور خطرہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تباہ کرنے کا ایرانی تصور ختم نہیں ہوا، اسی لیے اسرائیل اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیل کی جانب سے ایران کو مسلسل دھمکیاں
رپورٹ کے مطابق 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، جبکہ دونوں جانب سے دھمکی آمیز بیانات اور جوابی مؤقف سامنے آتے رہے ہیں۔ اسرائیلی قیادت کی جانب سے ایران کی فوجی سرگرمیوں اور اس کے مبینہ خطرات کو اپنی قومی سلامتی کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا جاتا رہا ہے۔اس سے قبل ستمبر میں اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیلی فوج تہران کو ’’پتھر کے زمانے اور تاریکی‘‘ میں دھکیل دے گی۔
امریکی تعاون کے بغیر کارروائی کا عندیہ
اسرائیلی فوج کے تازہ بیان کو اس بات کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کہ تل ابیب ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے امریکا کی براہِ راست شمولیت کو لازمی نہیں سمجھتا۔ تاہم اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کسی ممکنہ حملے کی تاریخ، اہداف یا فوجی منصوبے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔