امریکی ریاست مسیسپی میں مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، 6 ہلاک

امریکی ریاست مسیسپی میں مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، 6 ہلاک

امریکا: امریکی ریاست مسیسپی کے قریب خلیج میکسیکو میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، افسوسناک حادثے میں دو بچوں سمیت چھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق طیارہ نیو اورلینز سے فلوریڈا جا رہا تھا کہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو کر خلیج میکسیکو میں جا گرا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق الاباما کے شہر موبائل میں ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور نے سہ پہر تقریباً 3 بج کر 45 منٹ پر طیارے سے رابطہ منقطع ہونے کی اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد کوسٹ گارڈ اور دیگر امدادی اداروں نے سمندر میں تلاش کا آپریشن شروع کیا۔ ابتدائی تلاش کے دوران پانی میں طیارے کا کیبن، تین لائف جیکٹس اور ایک لائف رافٹ ملا، جبکہ غوطہ خوروں نے بعدازاں طیارے کے ملبے سے تمام چھ افراد کی لاشیں نکال لیں۔

 حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی تازہ رپورٹ کے مطابق طیارے میں سوار افراد کا تعلق فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے دو خاندانوں سے تھا۔ ان میں پائلٹ سمیت چار بالغ افراد اور تین کم عمر افراد شامل تھے۔ ابتدائی اطلاعات میں دو بچوں کی عمریں 8 اور 10 سال بتائی گئی تھیں، تاہم بعد میں حکام نے ایک 16 سالہ لڑکے اور 12 سالہ بچے کی موجودگی کی بھی تصدیق کی۔

 حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی

رپورٹس کے مطابق طیارہ تقریباً 9 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا، تاہم رابطہ منقطع ہونے سے قبل اس کی بلندی میں تیزی سے کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکام کے مطابق حادثے سے کچھ دیر پہلے پائلٹ کو علاقے میں بارش اور خراب موسمی حالات سے بھی آگاہ کیا گیا تھا، تاہم یہ واضح نہیں کہ موسم حادثے کی وجہ بنا یا نہیں۔