امریکی ریاست میسوری میں اسکائی ڈائیونگ طیارہ حادثہ، 12 افراد ہلاک

امریکی ریاست میسوری میں اسکائی ڈائیونگ طیارہ حادثہ، 12 افراد ہلاک

کینساس سٹی/میسوری: امریکی ریاست میسوری میں اسکائی ڈائیونگ ٹیم کا ایک طیارہ پرواز کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار تمام 12 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ بٹلر میموریل ایئرپورٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب اسکائی ڈائیونگ کے لیے استعمال ہونے والا طیارہ معمول کی پرواز پر روانہ ہوا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز میں ایک پائلٹ اور 11 اسکائی ڈائیورز سوار تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد فنی خرابی یا کسی نامعلوم وجہ کے باعث گر کر تباہ ہوا، تاہم حادثے کی اصل وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی۔بیٹس کاؤنٹی کے پولیس افسر کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے 11 بجے پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

حادثے کے بعد فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن، نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور ریاستی ہائی وے پیٹرول کی ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ابتدائی طور پر حکام نے تمام 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مکمل رپورٹ آئندہ دنوں میں جاری کی جائے گی۔